سوریا کمارکاآج آخری فٹنس ٹسٹ

   

ممبئی ۔ دنیا کے نمبرایک ٹی ٹوئنٹی بیٹر جن کے سامنے بولرز پریشان رہتے ہیں ۔ وہ بیٹر جس کے پاس ہرگیند کے خلاف 3 سے 4 اسٹروکس ہوتے ہیں۔ جو کھلاڑی کبھی کسی بولرکو جمنے نہیں دیتا، وہ کھلاڑی شاید آئی پی ایل میں نہیں کھیل سکے گا۔ جی ہاں، خبر بری اور خاص طور پر ممبئی انڈینز اور اس کے نئے کپتان ہاردک پانڈیا کے لیے خوفناک ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوریاکمار یادیو اپنے فٹنس ٹسٹ میں ناکام ہوگئے ہیں اور ان کا آئی پی ایل 2024 کے کچھ میچوں سے باہر ہونا یقینی ہے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ پورا سیزن نہیں کھیل پائیں گے۔ سوریا کمار یادو ہرنیا میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے ان کی سرجری ہوئی ۔ اس سرجری کے بعد وہ صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں لیکن اب ان کے لیے آئی پی ایل 2024 میں ہی کھیلنا مشکل ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سوریاکمار یادو کا گزشتہ روز فٹنس ٹسٹ تھا اور وہ اس میں ناکام رہے۔ اس فٹنس ٹسٹ میں ناکامی کی وجہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی نے انہیں آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔ اطلاعات ہیں کہ اب سوریاکمار یادو کو اپنی فٹنس ثابت کرنے کا ایک آخری موقع دیا جائے گا۔ سوریا کمار یادو کا اگلا فٹنس ٹسٹ 21 مارچ کو ہوگا۔ یعنی سوریاکمار یادوکا ممبئی انڈینز کے ابتدائی میچوں میں کھیلنا ناممکن ہے۔ کیونکہ اگر سوریا اگلا ٹسٹ کامیاب بھی کر لیتے ہیں تو ممبئی انڈینز انہیں فوری طور پر میچ میں نہیں اُتارے گی۔ سوریا کمار یادیو دنیاکے نمبرایک ٹی20 بیٹر ہیں۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 4 سنچریاں اسکورکیں۔ ان کی اوسط 45 سے زیادہ ہے اور اسٹرائیک ریٹ 170 سے زیادہ ہے۔ آئی پی ایل میں بھی یہ کھلاڑی تیز رفتاری سے رنز بناتا ہے اور اسے ممبئی انڈینزکے مڈل آرڈر کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ اگر سوریاکمار یادیو آئی پی ایل 2024 سے باہر ہوتے ہیں تو ممبئی انڈینز درمیانی اوورز میں تیز رنز بنانے کے لیے مشکل میں پڑ سکتی ہے۔