نئی دہلی۔ ہندوستان کے دائیں ہاتھ کے بیٹر سوریاکمار یادیوکو آئی سی سی مینز ٹی 20 آئی کرکٹر آف دی ایر 2022 کے ایوارڈ کا فاتح قرار دیا گیا۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ سوریاکمار نے انگلینڈ کے بائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر سیم کرن، زمبابوے کے آف اسپن آل راؤنڈر سکندر رضا اور 2021 کے ایوارڈ یافتہ، پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان کو ہرا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس پر کمار نے کہاکہ بہت بہت شکریہ، مجھے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر نامزد کرنے کے لیے آئی سی سی سے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ یہ بہت اچھا احساس ہے کیونکہ 2022 میرے لیے حیرت انگیز تھا۔ ذاتی نقطہ نظر سے، میں نے اس سال میں کھیلی گئی چند اننگز کا لطف اٹھایا۔اگر مجھے ایک اننگز کا انتخاب کرنا ہوتا جو میرے لیے بہت خاص تھا، وہ میرے ملک کے لیے پہلی سنچری تھی (انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں) کیونکہ پہلی سنچری ہمیشہ خاص ہوتی ہے۔ امید ہے کہ اور بھی بہت سی اننگزآئیں گی۔ یادیو کے پاس کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں سنسنی خیز 2022 سال تھا، وہ اپنے 360 ڈگری اسٹروک پلے کے ساتھ فارمیٹ میں ایک سال میں1000 سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بیٹر بنے ۔ انہوں نے 46.56 کی اوسط سے 187.43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1164 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر سال کا اختتام کیا۔