سوریا کمار یادو بدستور پہلے مقام پر

   

دبئی ۔ ہندوستان کے مڈل آرڈر بیٹر سوریاکمار یادیو نے چہارشنبہ کو جاری کردہ تازہ ترین آئی سی سی ٹی 2O رینکنگ میں کیریئر کے اعلیٰ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اپنا پہلا مقام برقرار رکھا ہے۔ رانچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستانی سیریز کے پہلے میچ کے دوران 47 رنزکی تیز رفتار اننگزکھیلنے کے بعد سوریاکمار کے پاس 910 پوائنٹس ہیں اور اسکی بدولت دائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے بیٹروںکی ٹی20 درجہ بندی میں پہلا مقام پر صحت مند برتری برقرار رکھا ہے۔ جب کہ کمار نے سیریز کے دوسرے میچ میں ناقابل شکست 26 رنز کی زیادہ مشکل وکٹ پر اننگز کھیلی۔ 32 سالہ کھلاڑی اس اسکور کے نتیجے میں مجموعی طور پر 908 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں۔ موجودہ ریٹنگ پوائنٹس کا مطلب ہے کہ کمار مردوں کے ٹی 20 بیٹرس کے لیے اب تک کی سب سے زیادہ ریٹنگ رکھنے کی دوڑ میں انگلینڈ کے بیٹر ڈیویڈ میلان سے کافی فاصلے پر رہے۔ میلان نے 2020 میں کیپ ٹاؤن میں 915 پوائنٹس کی ریٹنگ حاصل کی، لیکن سوریا کمار اب اپنی حالیہ بیٹنگ کے بعد ٹی20 بیٹرس کے لیے اب تک کی دوسری سب سے زیادہ ریٹنگ رکھتے ہیں۔ سوریا کے ساتھی واشنگٹن سندر اس دوران 104 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔ دوسری جانب تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ میں نیوزی لینڈ کے فن ایلن آٹھ درجے بہتری کے ساتھ 19 ویں نمبر پر اور ڈیرل مچل9 درجے بہتری کے ساتھ 29 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان 836 نشانات کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیون کونوے 788 نشانات کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔ ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں راشد خان پہلے مقام پر فائز ہیں جبکہ ہندوستانی اسپنر یوزویندر چہل چھ مقام کی چھلانگ لگاکر34 ویں اور کلدیپ یادیو 54 درجے ترقی کرکے 81 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹنر ٹاپ 10 میں شامل ہیں جبکہ مائیکل بریسویل 58 ویں سے 37 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں۔