حیدرآباد۔ تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ میں کوویڈ کی صورتحال کے پیش نظر پولیس کی جانب سے پٹرولنگ کے لئے ڈرون کیمروں کا استعمال شروع کیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ لاک ڈاون پر مناسب طورپر عمل کیاجائے ۔مناسب نگرانی کو یقینی بنانے کے مقصد سے پولیس سائرن کا اس میں اضافہ کیاگیا ہے ۔سوریہ پیٹ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے عوام کی دہلیز تک پولیسنگ کی جارہی ہے اور عوام کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی جارہی ہے ۔سوریہ پیٹ پولیس نے کہا کہ ڈرون کے ذریعہ نگرانی کے ساتھ یہ دیکھا جارہا ہے کہ لوگ گھروں سے باہر نہ نکلنے پائیں،دکانات بند رہیں،عوام جمع نہ ہوں،کسی بھی قسم کی گڑبڑ نہ ہونے پائے ،لاک ڈاون کے قواعد پر مناسب عمل کیاجائے ،غیرسماجی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائے اور لااینڈآرڈر کو بہتر طور پر برقرار رکھاجائے ۔ان ڈرون کیمروں میں لگائے گئے سائرن سے بھی عوام چوکس ہورہے ہیں۔