نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے معاملے میںسی بی آئی نے عدالت میں کلوزر رپورٹ داخل کر دی ہے۔ 22 مارچ کو داخل حتمی رپورٹ میں موت کی اصل وجہ خودکشی بتائی گئی ہے۔اداکار سوشانت سنگھ راجپوت 14 جون 2020 کو باندرہ میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ پہلی نظر میں یہ معاملہ خودکشی لگتا تھا لیکن بعد میں اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ دی گئی۔ واضح رہے سی بی آئی نے اس معاملے میں کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی اور کسی نے اسے ایسا کرنے پر مجبور نہیں کیا۔ اس کے ساتھ سی بی آئی نے ریا چکرورتی اور اس کے خاندان کو کلین چٹ دی ہے۔ سی بی آئی نے کہا کہ کوئی مجرمانہ زاویہ یا فول پلے (سازش) نہیں ملا۔ ایمس فارنسک ٹیم نے بھی قتل کے امکان کو مسترد کر دیا۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا چیٹس کو تحقیقات کے لیے امریکہ بھیجا گیا جہاں چھیڑ چھاڑ کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سوشانت کے خاندان نے پٹنہ میں ریا چکرورتی اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔