ممبئی : سوشانت سنگھ راجپوت کی وسرا رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان کے جسم میں کسی طرح کا زہر یا مشکوک کیمیکل نہیں پایا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد وسرا کو ممبئی کے جے جے اسپتال میں تجزیہ کے لئے بھیجا گیا تھا۔ یہ رپورٹ منگل کی شام کو منظر عام پر آئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا، ’’موت سے پہلے کسی بھی جدوجہد کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔ ان کے ناخنوں سے کچھ نہیں ملا۔‘‘ سوشانت سنگھ کی فائنل پوسٹ مارٹم رپورٹ گزشتہ ہفتہ آئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سوشانت کی موت پھانسی کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کو پانچ ڈاکٹروں کی ٹیم نے تیار کیا ہے۔ اس سے پہلے عارضی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی یہی کہا گیا تھا کہ سوشانت سنگھ کی موت پھانسی کے سبب دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔ممبئی پولیس نے سوشانت سنگھ کی موت کی وجوہات کی ہر ایک زاویہ سے جانچ کر رہی ہے۔ سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی معاملہ میں ان کی ساتھی اداکارہ سانگھی بھی اپنا بیان درج کرا چکی ہیں۔ سنجنا سانگھی نے سوشانت سنگھ کے ساتھ ’دل بیچارہ‘ میں اداکاری کی ہے۔