سوشل آڈٹ کے تحت ہر گھر کو نل کنکشن

   

ویڈیو کال کے ذریعہ سربراہی آب کے طریقہ کار کا جائزہ ، سمیتا سبھروال
حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری مشن بھگیرتا شریمتی سمیتاسبھروال نے کہا ہیکہ سوشل آڈٹ کے ایک حصہ کے طور پر ہر گھر کے نل کنکشن کو ویڈیو کال کے ذریعہ مکمل جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں گھر گھر کو نل کنکشن کے ذریعہ پانی سربراہ ہونے کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کیلئے سرپنچوں کے ذریعہ بہت جلد ویڈیو کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شریمتی سمیتا سبھروال نے مشن بھگیرتا کے صدر دفتر واقع ارم منزل میں اعلیٰ عہدیداران مشن بھگیرتا کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ اجلاس طلب کرکے مشن بھگیرتا کے ذریعہ نل کنکشن کی فراہمی سے متعلق مکمل واقفیت حاصل کیں اور عہدیداروں کو مشن بھگیرتا کے ذریعہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور اس پانی کو استعمال کرنے سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے پرگی گٹو منڈل کے مقامی منتخبہ نمائندوں کو مشن بھگیرتا کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے پانی کے استعمال سے متعلق واقف کروانے کیلئے منعقدہ پروگرام پر عہدیداروں کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ اس بیداری پروگرام کی وجہ سے مشن بھگیرتا کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے پانی کو عوام کی جانب سے پینے کی انہیں مکمل اطلاعات حاصل ہیں۔ اس اجلاس میں انجینئران چیف مسٹر کروپاکر ریڈی، مشیر برائے ریاستی حکومت مسٹر گیانیشور، چیف انجینئر مسٹر جگن موہن ریڈی، مسٹر وجئے پال ریڈی، مسٹر وجے پرکاش، شریمتی ونوبھا دیوی، مسٹر چناریڈی، مسٹر رمیش اور سرینواس ریڈی بھی شریک تھے۔