یوم عالمی خواتین کے موقع پر خطاب ۔ خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے کا اعلان
حیدرآباد 7 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ سوشل میڈیا کے بڑھتے استعمال کے ساتھ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ماضی میں ایسے واقعات شہروں تک محدود تھے مگر اب یہ مسئلہ وسیع پیمانے پر پھیل چکا ہے۔ یوم عالمی خواتین کے موقع پر جے این ٹی یو آڈیٹوریم میں منعقدہ Stand with Her پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ خواتین کے تحفظ کے لئے صرف قوانین بنانا کافی نہیں ہے بلکہ اُن پر مؤثر عمل آوری بھی ضروری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ عوامی حکومت میں کئی فلاحی اسکیمات خواتین کے نام سے چلائی جارہی ہیں۔ خواتین تنظیموں کے ذریعہ آر ٹی سی میں ایک ہزار بسیں چلانے کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا ہے جس سے ریاست کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے حکومت نے کئی نئے پروگرامس کو نہ صرف متعارف کرایا ہے بلکہ اس پر کامیابی سے عمل بھی کیا جارہا ہے۔ خواتین کو صنعتکار بنانے کی پیشرفت کے بھی مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ ہائی ٹیک سٹی جیسے قیمتی علاقے میں خواتین کی تیار کردہ اشیاء کی فروخت کے لئے اندرا مہیلا اسٹالس کو اراضی مختص کی گئی۔ اس کے علاوہ دیہی علاقوں کی خواتین کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے مقصد سے ان کی تیار کردہ اشیاء کو ای کامرس کی مشہور کمپنی امیزان کے ذریعہ فروخت کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ خواتین کے تحفظ کو کانگریس حکومت کی جانب سے اولین ترجیح دینے کا اعلان کیا۔2