سوشل میڈیا پر ججوں کیخلاف تبصرے نا قابل قبول : روی شنکر

   

نئی دہلی : مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے سوشل میڈیا پر ججوں کو لے کر کئے جارہے ذاتی تبصروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک انگریزی اخبار میں لکھے اپنے مضمون میں روی شنکر پرساد نے الزام لگانے کے اس نگیٹیو ٹرینڈ پر سوالات کھڑے کئے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ججوں کو لے کر کئے گئے یہ ذاتی تبصرے برداشت کے قابل نہیں ہیں۔مرکزی وزیر قانون نے کانگریس کے ذریعہ چیف جسٹس آف انڈیا کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی کوشش کی طرف بھی توجہ مبذول کروائی۔ انہوں نے کانگریس کی اس کوشش کو عدلیہ کی آزادی پر سب سے بڑا دھکہ بتایا ہے۔انہوں نے لکھا کہ مفاد عامہ میں عرضی داخل کرنا اور پھر سوشل میڈیا مہم چلانا اور اگر حق میں فیصلہ نہ آئے تو پھر منفی تشہیر کرنا کہاں تک صحیح ہے۔ وزیر قانون نے عدلیہ پر ہورہے مسلسل حملوں کو انتہائی تشویشناک بتایا۔