سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے کا الزام، کجریوال کے خلاف ایف آئی آر کا فیصلہ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 2 جنوری (یو این آئی) دہلی کے وزیر تعلیم آشیش سود نے جمعہ کو کہا کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور سابق وزیر اعلی اروند کجریوال کی طرف سے دہلی میں اساتذہ کے بارے میں پھیلائے جا رہے کنفیوژن اور پروپیگنڈے کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔سود نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کجریوال چنڈی گڑھ کے شیش محل میں بیٹھ کر جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ دہلی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے جمعرات کو پولس شکایت درج کرائی ہے ۔ اس کی تحقیقات کے بعد پولیس اس معاملے میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اے اے پی کے بے روزگار لیڈروں کے پاس سوائے جھوٹ بولنے اور جھوٹ پھیلانے کے کچھ نہیں بچا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی طرف سے جاری کردہ سرکلر میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی جس سے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے ذریعہ کتوں کی گنتی کرنے کا معاملہ بنتا ہو۔ قابل ذکر ہے کہ 30 دسمبر کو کجریوال نے اے اے پی لیڈر سوربھ بھاردواج کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دہلی میں سرکاری اسکولوں کے بچوں کو پڑھائیں گے یا سڑکوں پر کتوں کی گنتی کریں گے ؟ دہلی کی بی جے پی حکومت کا یہ حکم ان کی سوچ اور ترجیحات کو بے نقاب کرتا ہے ۔ بی جے پی کے لیے تعلیم کوئی معاملہ نہیں ہے ، یہ لوگ اساتذہ کی توہین کر رہے ہیں اسکولوں کو برباد کررہے ہیں۔ جب دہلی میں ہماری حکومت تھی، تو ہم نے اساتذہ کو عزت دی، ان کے اوپر سے غیر ضروری بوجھ کو ہٹایا اور بچوں کی تعلیم کو ہی اولین ترجیح بنایا۔
اساتذہ کو ٹریننگ کے لیے بیرون ملک بھیجا، اسکولوں کو بہتر بنایا۔ آج بی جے پی حکومت سب کچھ برباد کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔