واٹس اپ فارورڈ کرنے کے دوران محتاط رہنے عوام سے ضلع ایس پی کی خواہش
نارائن پیٹ ۔16 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر یوگیش گوتم نے خبردار کیا کہ نارائن پیٹ ضلع کے اندر سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تقریر، اشتعال انگیز تبصرے، ہتک عزت اور دیگر پوسٹس کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ضلع ایس پی مسٹر یوگیش گوتم نے ایک بیان میں کہا کہ جو لوگ سیاسی، ذات پات، مذہبی، علاقائی طور پر لوگوں کی سلامتی اور امن کو خراب کرنے ، لوگوں کو ذات پات کی بنیاد پر تقسیم کرنے والے پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی۔اور ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے جو نا معلوم ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کر کے انہیں سوشل میڈیا گروپس جیسے فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر فارورڈ کر کے دوسروں کے لئے پریشانی کا باعث بنیں ۔ ان کے علاوہ ایسے افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے جنہوں نے انہیں آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو اچھے کاموں کے علاوہ استعمال کرنے والوں کے خلاف نگرانی کا خصوصی نظام قائم کیا گیا ہے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلع میں اس قسم کی حرکتیں کرنے والوں پر نظر رکھیں، اس لیے پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس قسم کے جرائم کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کریں اور ان کے خلاف مقدمات درج کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مسلسل 24/7 تفتیش کر رہی ہے۔ ایس پی نے مشورہ دیا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ اور فارورڈ کرنے والے کو احتیاط برتنا چاہئے۔