پرینکا چترویدی ایم پی کا مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کو مکتوب
ممبئی ۔شیوسینا کی رکن راجیہ سبھا پرینکا چترویدی نے مرکزی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی روی شنکر پرساد کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس کے بیجا استعمال کو روکنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارمس کو جھوٹ اور نفرت پھیلانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ان پلیٹ فارمس کے ذریعہ شیوسینا زیر قیادت مہاراشٹرا حکومت کو عدم استحکام کا شکارکرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے اور یہ در اصل دستوری اداروں کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے بعد کے حالات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس واقعہ پر سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارمس کے ذریعہ سازش رچنے جیسے الزامات پھیلائے گئے اور ممبئی پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تحقیقات کی گئیں تو یہ پتہ چلا کہ زائد از 80 ہزار سوشیل میڈیا اکاونٹس فرضی تھے اور یہ اکاونٹس محض اس لئے بنائے گئے تھے تاکہ حکومت مہاراشٹرا اور ممبئی پولیس فورس کو بدنام کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پلیٹ فارمس کے ذریعہ جھوٹ پھیلائے گئے ۔ نفرت کو فروغ دیا گیا اور جمہوری اداروں کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی گئی ۔ ان ساری کوششوں کا مقصد مہاراشٹرا حکومت کو عدم استحکام کا یا زوال کا شکار کرنا تھا ۔