سوشیل میڈیا سے سماج کو فائدہ سے زیادہ نقصان کا سامنا

,

   

ڈیجیٹل دنیا میں سائبر جنگ سب سے بڑا خطرہ ۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن کا خطاب

حیدرآباد 7 مارچ ( این ایس ایس ) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج واضح کیا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوام میں دہشت اور افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں اور اس کے نتیجہ میں اس سے فائدہ سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے اور عوام کو اس کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے ۔ نیشنل ڈیفنس کالج کے فیکلٹی ارکان اور عہدیداروں سے راج بھون میں خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آج کل سب سے اہم خطرہ سائبر جنگ کا ہے اور سائبر خطرات ہیں جو نئے نہیں ہیں یہ پہلے بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جو دھمکیاں رکاوٹ ‘ سبوتاج اور تخریب کاری کی شکل میں سامنے آتی ہیں انہیں سابقہ وقتوں میں پتہ چلانا آسان تھا کیونکہ اس میں انسانی عنصر موجود تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ڈیجیٹل دنیا کے پیش نظر اس طرح کی دھمکیوں اور خطرات کے مرکز تک پہونچنا آسان نہیں رہ گیا ہے

اور ایسی دھمکیوں اور خطرات کا بڑی تیزی سے پھیلایا بھی جا رہیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں کم شدت والی جنگیں ہی لڑی جائیں گی کیونکہ کوئی بھی ملک نہیں چاہیگا کہ اپنے قیمتی انسانی وسائل کو تباہ کرلے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کا اصل مقصد صرف عدم استحکام پیدا کرنا ‘ غلط اطلاعات پھیلانا ‘ اعتماد کا فقدان پیدا کرنا وغیرہ ہوتا ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔ بعض مرتبہ سوشیل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ڈیجیٹل ٹکنالوجی کی مدد سے اور میڈیا میں ذہنی پراگندگی پیدا کرنے کی وجہ سے بھی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ غلط اطلاعات پر کبھی کبھار لوگ یقین کرنے لگے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ e-Invitations اور ای گریٹنگس وغیرہ کے ذریعہ سوشیل میڈیا نے انسانی رابطوں اور انسانی عنصر کو عملا ختم ہی کردیا ہے اور صحیح و غلط کے درمیان جو خط فاصل تھا وہ ختم ہوگیا ہے اور سماج میں منفی اثرات زیادہ سرائیت کرگئے ہیں جو زیادہ خطرناک ہے اور سماجی اقدار کو سماج میں واپس متعارف کروانے کی ضرورت ہے ۔ نیشنل ڈیفنس کالج نئی دہلی کے اس وفد نے نیشنل سکیوریٹی اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز ٹریننگ پروگرام کے سلسلہ میں یہ دورہ کیا ۔ اس وفد کی قیادت ابھئے ترپاٹھی اڈیشنل سکریٹری و فیکلٹی انچارچ نیشنل ڈیفنس کالج نے کی ۔