یلاریڈی ۔/5اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوشیل میڈیا کا استعمال کرکے غلط افواہوں کو پھیلاتے ہوئے عوام کو گمراہ و خوف زدہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا یلاریڈی ڈی ایس پی مسٹر ششانک ریڈی نے انتباہ دیا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ یلاریڈی مستقر پر 11 کورونا کے تازہ واقعات درج ہونے کی ایک نیوز چینل کے سہارے فرضی خبر بناکر پیش کیا گیا جس کے بعد عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ جبکہ یہ خبر سراسر غلط و جھوٹ ہے۔ یلاریڈی میں اب تک ایک بھی کورونا سے متاثر کیس درج نہیں ہوا جو ایک خوش آئند بات ہے۔ لیکن پھر کچھ لوگ واٹس اپ ، فیس بک ، ٹوئٹر، ٹک ٹاک وغیرہ کا غلط استعمال کرکے عوام کو گمراہ و برہم کررہے ہیں جس کسی صورت میں درست نہیں ہے۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام پہلے ہی سے کورونا کو لیکر خوفزدہ ہیں ایسے میں افواہوں کا بازار گرم کریں گے تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ سوشیل میڈیا سے پھیل رہی گمراہی کو روکنے ریاستی و مرکزی حکومتیں غیر معمولی چوکسی اختیار کرچکی ہیں۔ گروپ کے جتنے افراد ذمہ دار ہوں گے ان تمام کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کورونا وائرس کو لیکر ہو یا کسی طبقہ کی دل آزاری والا پوسٹ ہو سوشیل میڈیا کے ذریعہ پھیلانے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملکی امان کا خیال رکھنا ہر فرد کی پہلی ذمہ داری ہے۔