سوشیل میڈیا پر بیوی کی کردارکشی پر شوہر گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) سماج میں سوشیل میڈیا پلیٹ فام پر ذاتی دشمنی نکالنے، بدلہ لینے اور آپسی خصومت کے تحت جھگڑے کے واقعات پیش آنا تو عام بات بن گئی ہے لیکن اب میاں بیوی کے آپسی جھگڑے بھی اس پلیٹ فام سے تشہیر و تضحیک کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ اس طرح کا ایک واقعہ راچہ کنڈہ پولیس حدود میں پیش آیا جہاں رچہ کنڈہ سائبر کرائم پولیس نے ایک شخص 30 سالہ جان جارج عرف سنی کو گرفتار کرلیا ہے جس نے بیوی سے دشمنی نکالنے کیلئے اسے فحاشہ کے طور پر پیش کردیا۔ جان جارج نے اس کی بیوی کی تصاویر کو سوشیل میڈیا کی سائٹ شیرچاٹ پر لوڈ کردیا اور قابل اعتراض جملے لکھے۔ ابتداء میں اس نے اس کی بیوی کو کال گرل لکھا اور جس کو جسم فروش ظاہر کرتے ہوئے رابطہ کیلئے خود کی بیوی کا فون نمبر بھی درج کردیا۔ اس کی اطلاع کے بعد متاثرہ خاتون نے شکایت کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کے شوہر کوگرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد خاتون کے شوہر جان نے بتایا کہ اس کی بیوی کے رویہ سے خوش نہیں تھا اس نے بیوی سے دشمنی نکالنی تھی اور بیوی سے بغض رکھتے ہوئے اس نے یہ اقدام کیا۔