نظام آباد مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین کی اے سی پی سے ملاقات
نظام آباد۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میر بشارت علی صدر ضلع مجلس بچائو تحریک نظام آباد، محمد عبدالباسط ٹائون صدرنے آج اے سی پی نظام آباد راجہ وینکٹ ریڈی سے نمائندگی کرتے ہوئے بتایا کہ نظام آباد کے کانگریس ضلع سیکریٹری محمد میر ان علی کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز بیانات، دھمکی آمیز ریمارکس اور جھوٹے الزامات عائد کرنے کے الزام میں باقاعدہ پولیس شکایت درج کی گئی ہے۔ میر بشارت علی اور عبدالباسط نے اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس نظام آباد کو مکتوب حوالے کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔درخواست میں بتایا کہ محمد میران علی نے اپنے عوامی فیس بک پر مسلسل اشتعال انگیز اور توہین آمیز پوسٹس اپلوڈ کی ہیں جن میں مخصوص سیاسی جماعت اور اس کے عہدیداران کے خلاف گالی گلوج، تضحیک آمیز زبان اور کھلے عام دھمکیاں دی گئی ہیں۔ شکایت میں مزید کہا گیا کہ محمد میران علی نے بارہا عوامی طور پر شیخ ریاض کو ’’مجرم‘‘ قرار دیا ہے حالانکہ ان کے خلاف کسی عدالت نے ایسی کوئی توثیق نہیں کی۔ شکایت گزاروں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ اس سے قبل پارٹی کے ترجمان امجد اللہ خان پر انڈے اور ٹماٹر پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا جسے محمد میران علی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مزید اشتعال انگیز انداز میں استعمال کرتے ہوئے پارٹی ارکان کے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کی۔ شکایت گزاروں نے پولیس سے فوری تحقیقات اور پارٹی کارکنوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مزید شواہد یا بیانات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ پولیس اس سنگین معاملے کو فوری طور پر نمٹائے گی۔