سوشیل میڈیا پر مقبولیت کا جنون، یو ٹیوبر کی حرکت پر عوامی تنقید

   

سڑک پر کرنسی نوٹس اُڑاکر ریل بنانے سے ہلچل، ٹریفک جام سے مسافر بیزار

حیدرآباد۔ /22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر میں یو ٹیوبرس اور سوشیل میڈیا پر مقبولیت کی جنونی افراد کی حرکتیں دن بہ دن شہریوں کیلئے پریشانی اور اذیت کا باعث بنتی جارہی ہیں۔ یو ٹیوبرس اور انسٹا گرام پر سرگرم افراد کسی نہ کسی طرح ریلس کی تیاری میں شہریوں کیلئے پریشانی کا سبب بنتے جارہے ہیں۔ انہیں ریلس کی تیاری اور اپنی مقبولیت کی فکر میں شہریوں کی تکالیف کا کوئی احساس ہی نہیں ہوتا۔ اس طرح کی حرکت سے کوکٹ پلی کے علاقہ میں میلوں دور ٹریفک جام ہوگئی۔ بارش اور ہر روز ٹریفک کی الجھن سے پریشان شہریوں کے لئے ٹریفک میں خلل پیدا کرتے ہوئے یوٹیوبر عوامی تنقیدوں اور برہمی کا سبب بن گیا۔ عوام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ یو ٹیوبر ہرشا کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور پولیس سے خواہش کی ہے کہ وہ یو ٹیوبر ہرشا کے خلاف کارروائی کے ذریعہ دیگر کیلئے سخت پیغام کو جاری کریں۔ آج یوٹیوبر ہرشا پھر ایک مرتبہ سڑک پر کرنسی نوٹوں کو اُڑاتے ہوئے ہلچل مچادی۔ کوکٹ پلی کے علاقہ میں ریل کی تیاری میں ہرشا نے کرنسی نوٹ ہوا میں اُڑائے اور ان نوٹوں کو حاصل کرنے کیلئے شہری اور راہگیر امنڈ پڑے ۔ اس دوران علاقہ میں ٹریفک جام ہوگئی۔ ہرشا کی اس حرکت پر شہریوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے پولیس سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ع