سوشیل میڈیا کمپنیوں کو ہندوستانی قوانین کی پابندی کرنا لازمی

   

ٹوئٹر، واٹس ایپ ، فیس بُک اور دیگر کیخلاف سخت کارروائی کرنے روی شنکر کا انتباہ

نئی دہلی : مرکزی ویر انفارمیشن ٹیکنالوجی و کمیونکیشن روی شنکر پرساد نے آج کہاکہ عالمی سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس جیسے ٹوئٹر، واٹس ایپ، فیس بُک اور دیگر کو ہندوستان میں کام کرنے اور یہاں پیسہ کمانے کیلئے خیرمقدم کیا جاتا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی انھیں دستور ہند اور قوانین پر پابندی کرنی ہوگی۔ انھوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق شکایات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے انتباہ دیا کہ جو کمپنیاں ہمارے قوانین کے برعکس کام کریں گی ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ ان سوشیل میڈیا گروپس کو دوہرے معیار ترک کرکے ہندوستان کے آئین اور قوانین کی مکمل پابندی کرنی ہوگی بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قدم رکھا جائے گا۔ راجیہ سبھا میں ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے روی شنکر پرساد نے کہاکہ ان کی حکومت سوشیل میڈیا پلیٹ فارموں پر اظہار رائے کی آزادی کا احترام کرتی ہے کیوں کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ اس سے لوگوں کو بااختیار بنانے میں مدد ملتی ہے۔ عوام الناس میں شعور پیدا ہوتا ہے لیکن اگر ان پلیٹ فارمس کا غلط استعمال کیا جائے تو حکومت برداشت نہیں کرے گی۔ جھوٹی خبریں پھیلانا، گمراہ کن مواد گشت کرانا یا تشدد بھڑکانا، نفرت پیدا کی جاتی ہے تو حکومت خاموش نہیں بیٹھے گی۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ اگر انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جاتی ہے تو حکومت ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔ ٹوئٹر، فیس بُک اور واٹس ایپ جیسی کمپنیوں کو غیر جانبدارانہ طور پر کام کرنا ہوگا اور ملک کے قوانین کے مطابق کام کرنا ہوگا۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ حالیہ دنوں میں تنازعے پیدا کئے گئے ہیں خاص کر ٹوئٹر کے ذریعہ گمراہ کن پروپگنڈیہ کئے جارہے ہیں۔