اجنبی سے دوستی خاتون کیلئے مہنگی ثابت، 17 لاکھ روپیوں سے محروم
حیدرآباد۔ 29 اکتوبر (سیاست نیوز) انسٹاگرام پر اجنبی سے دوستی ایک خاتون کو مہنگی ثابت ہوئی۔ گھر بنانے کے نام پر مالی مدد کے لئے خاتون کو یقین دلاکر ایک دھوکہ باز نے 17 لاکھ روپے لوٹ لیا۔ سائبر کرائم پولیس سے رجوع ہوکر اس خاتون کے شکایت کرنے کے بعد یہ واقعہ منظر عام پر آیا۔ تاہم سائبر آباد سائبر کرائم پولیس نے خاتون کی شناخت کو راز میں رکھتے ہوئے سارے واقعہ کی تفصیلات کو بیان کیا اور شہریوں سے درخواست کی کہ وہ دوستی میں احتیاط اور بھروسہ رکھنے میں چوکسی سے کام لیں۔ چندا نگر علاقہ کی ایک 31 سالہ خاتون ایک سافٹ ویر کمپنی میں کام کرتی ہے۔ چند عرصہ قبل اس خاتون کے شوہر کی موت ہوگئی۔ وہ اکیلی تھی گزشتہ چند روز قبل اس خاتون کو انسٹا گرام پر ’’ایرک سیتمھ‘‘ نامی آئی ڈی سے دوستی کی درخواست حاصل ہوئی۔ اس خاتون نے اس فرینڈ ریکوسٹ کو قبول کرلیا اور دونوں اچھے دوست بن گئے۔ سیتمھ جس نے خود کو امریکی شہری اور پیشہ سے سیول انجینئر بتایا تھا۔ امریکہ سے جون میں ترکی روانہ ہوا۔ پولیس سائبر کرائم نے یہ کہانی بتائی۔ اس نے متاثرہ خاتون کو یقین دلایا کہ وہ ترکی میں مکان کی تعمیر کررہا ہے جس کو وہ فروخت کردے گا اور بڑی رقم حاصل ہوگی۔ پھر اس کے دو دن بعد اس نے خاتون کو فون پر بتایا کہ اس کا پرس گم ہو چکا ہے لہذا رقم روانہ کرنے کی درخواست کی اس طرح مختلف مراحل میں اس دھوکہ باز نے خاتون سے 17 لاکھ روپے حاصل کرلیا اور پھر رابطہ ختم کردیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ دھوکہ باز کا تعلق اترپردیش سے ہوسکتا ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ ع