سوشیل میڈیا کے ذریعہ اژدھے کی فروخت کی کوشش

   

محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی بروقت کارروائی پر دو نوجوان گرفتار
حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) آج کل کے نوجوانوں کو محنت کرنے کے بجائے گھر بیٹھے پیسہ کمانے اور جلد دولت مند بن جانے کا رجحان عام ہوتا جارہا ہے۔ رچہ کنڈہ کے علاقہ گھٹکیسر میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس میں دو نوجوانوں نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ اژدہے کو فروخت کرنے کی کوشش کی۔ فیس بُک اور واٹس ایپ پر شرن موزیز اور اُس کا ساتھی وناروز پراوین نے ایک اژدہا حاصل کیا اور اُس کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا۔ دونوں نوجوانوں کی تصاویر محکمہ جنگلات کے عہدیداروں تک پہونچ گئے جس کے نتیجہ میں فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی ایک ٹیم سرگرم ہوگئی اور دونوں نوجوانوں کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے وینکٹادری ٹاؤن شپ گھٹکیسر منڈل ضلع میڑچل میں واقع موزیز اور پراوین کے مکان کا پتہ لگالیا اور وہاں پر اچانک دھاوا کیا۔ اِس کارروائی میں عہدیداروں نے پنجرے میں رکھے ہوئے اژدہے کو بحفاظت حاصل کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نوجوانوں کو وائیلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا اور اژدہے کو اِن نوجوانوں نے کہاں سے حاصل کیا، پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے۔