حیدرآباد۔ سائبر کرائم پولیس رچہ کنڈہ نے ایک بدقماش نوجوان کو گرفتار کرلیا جو اپنی خواہش کی تکمیل ایک خاتون کی زندگی کو تباہ کررہا تھا۔ شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے رچہ کنڈہ پولیس نے 25 سالہ کریم کو گرفتار کرلیا جو کنڈا پاک سدی پیٹ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ ایک کمیونٹی واٹس ایپ گروپ سے پہچان بناکر اس نے پہلے خاتون کا بھروسہ جیتنے کی کوشش کی خاتون سے کی گئی چیاٹنگ کو اس نے محفوظ کرلیا اور سکرین شاٹ کے ذریعہ خاتون کی تصاویر کو بھی جمع کرلیا اور دونوں اکثر چیاٹنگ کیا کرتے تھے۔ اس نے ایک دن اس خاتون کو باہر ملاقات کیلئے وقت مانگا تو اس خاتون نے اس نوجوان کو وقت دینے سے انکار کردیا اور اس سے چیاٹنگ بند کردی۔ جس کے بعد اس ملزم کو پتہ چلا کہ خاتون شادی شدہ ہے اس نے ایک فرصی فیس بک اکاؤنٹ لڑکی کے نام سے تیار کیا اور خاتون کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے خاتون کو دھمکانے لگا۔ اس نے خاتون کے شوہر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کی بیوی کو چھوڑ دے ۔ اس نے ایک ویڈیو تیار کیا اور خاتون کی زندگی تباہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ویڈیو کو یو ٹیوب پر لوڈ کردیا اور اس کی لنک خاتون کے شوہر کو روانہ کردی۔ سائبر کرائم پولیس نے عین وقت کارروائی کرتے ہوئے اس بدقماش کو گرفتار کرلیا۔