سوشیل ویلفیئراقامتی اسکول کی آٹھویں جماعت کی طالبہ فوت

   

Ferty9 Clinic

نظام آباد 17 دسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نظام اباد کے مینڈورا منڈل کے پوچمپاڑ میں واقع سوشل ویلفیئر اقامتی اسکول میں آٹھویں جماعت کی طالبہ سائی لکھیتا گزشتہ ایک ہفتہ سے ڈینگی بخار میں مبتلا تھی۔ ابتدا میں اسے علاج کے لیے نرمل کے ایک خانگی ہاسپٹل میں داخل کیا گیا، تاہم حالت بگڑنے پر بہتر علاج کی غرض سے حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں دورانِ علاج طالبہ کا انتقال ہوگیا، جس سے اس کے افراد خاندان غم میں مبتلا ہو گئے ۔اس افسوسناک واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تلنگانہ جاگروتی کی صدر اور سابق رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کی اور فوری طور پر متوفی طالبہ کے خاندان کی امداد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ نظام آباد ضلع کے مینڈورا منڈل کے پوچمپاڑ ایس سی اقامتی اسکول میں زیر تعلیم سائی لکھیتا کی بروقت اور مناسب علاج کا انتظام نہیں کیا گیا، جس کی تصدیق خود اہل خانہ کر رہے ہیں، اور صحت بگڑنے کے بعد حیدرآباد منتقل کرنے کے باوجود طالبہ کی جان نہ بچائی جا سکی۔کے کویتا نے کہا کہ یہ واقعہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ سرکاری لاپروائی کا نتیجہ ہے، جس نے والدین کو ناقابلِ تلافی صدمہ سے دوچار کر دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد سو سے زائداقامتی اور سوشل ویلفیئر ہاسٹلوں میں زیر تعلیم طلبہ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جبکہ آئے دن فوڈ پوائزننگ کے واقعات میں درجنوں طلبہ ہاسپٹلوں میں داخل ہو رہے ہیں۔انہوں نے سخت لہجہ میں کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کی اموات کے باوجود حکومت کا بے حس رویہ نہایت افسوسناک ہے۔ کے کویتا نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ فوری مداخلت کرتے ہوئے اقامتی اسکول کے اداروں میں صحت اور سہولتوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی اور طالب علم کی جان ضائع نہ ہو، اور سائی لکھیتا کے غمزدہ خاندان کو فوری طور پر انصاف اور مالی امداد فراہم کی جائے۔