حیدرآباد۔ 27 اگست (سیاست نیوز) سوماجی گوڑہ کو ہندوستان کے بڑے بازاروں کی رینکنگ میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ نائٹ فرینک کی انڈیا ریئل اسٹیٹ ویژن 2047 رپورٹ میں یہ رینک دیا گیا ہے۔ اس علاقہ کے پانچ زبردست گہما گہمی والے بازار ہندوستان کے ٹاپ 30 بڑے بازاروں میں شامل ہیں۔ زبردست گہماگہمی کے بڑے بازاروں کی فہرست میں سوماجی گوڑہ، گچی باؤلی، امیرپیٹ، بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز شامل ہیں۔ بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز میں بتدریج تبدیلی ہو رہی ہے اور ان علاقوں میں رہائشی مکانات کی کافی مانگ ہو رہی ہے۔ دوسری طرف امیرپیٹ ایک پرکشش بازار ہے۔ اس مقام پر کوچنگ سنٹرس اور اہم مارکٹس ہیں۔ سوماجی گوڑہ کو ملک میں بڑے بازاروں میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے جو بنگلورو کے مہاتما گاندھی روڈ کے بعد ہے۔ ممبئی میں لنکنگ روڈ، دہلی میں ساوتھ ایکسٹیشن ۔ I اور II اور کولکتہ میں پارک اینڈکیمک اسٹریٹ ہندوستان میں پانچ اہم بڑے بازار ہیں۔ حیدرآباد کے ملٹیپل ہائی اسٹریٹ پوزیشنس حاصل کرنے کو مختلف وجوہات سے منسوب کیا جاسکتا ہے جیسے آسان رسائی، کشادہ پارکنگ سہولیات، اچھی سہولتیں وغیرہ۔