سومیش کمار اور مہیندر ریڈی نے تین اضلاع کے ہاٹ اسپاٹس کا دورہ کیا

,

   

سوریا پیٹ میں کورونا کیسس میں اضافہ پر تشویش،احتیاطی تدابیر اختیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت

حیدرآباد۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کی قیادت میں اعلیٰ عہدیداروں کی ٹیم نے آج سوریا پیٹ ، گدوال اور وقار آباد اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے کورونا وائرس سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹس میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ یہ ٹیم اضلاع کے دورہ پر روانہ ہوئی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کورونا سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ اس ٹیم میں اسپیشل چیف سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت شانتی کماری ، ڈائرکٹر آف ہیلتھ ڈاکٹر سرینواس ، آئی جی اسٹیفن رویندرا شامل تھے۔ چیف سکریٹری نے سوریا پیٹ میں ویجیٹبل مارکٹ کا دورہ کیا اور کنٹینمنٹ علاقہ میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ضلع کلکٹریٹ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں ایک بھی نیا کورونا کیس رونما ہونے سے بچائیں اور تمام تر احتیاطی قدم اٹھائیں۔ سومیش کمار نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کے سلسلہ میں خوف و دہشت کا شکار نہ ہوں کیونکہ حکومت ہر ممکن قدم ا ٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینمنٹ علاقہ کے عوام کو گھروں میں محدود رہنا چاہئے ۔ انہیں درکار ضروری اشیاء عہدیدار فراہم کریں گے ۔ کنٹینمنٹ علاقہ کے عوام کا میڈیکل ٹسٹ کیا جائے گا ۔

ضلع کلکٹر اور ایس پی کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیدار لاک ڈاؤن کے نفاذ میں بہتر تال میل سے کام کریں۔ سومیش کمار نے کہا کہ سوریا پیٹ ضلع میں پازیٹیو کیسس کی تعداد میں اضافہ کے سبب حکومت نے خاص توجہ مرکوز کی ہے۔ ضلع کلکٹر ونئے کرشنا ریڈی ، ایس پی بھاسکرن اور دیگر عہدیدار جائزہ اجلاس میں شریک تھے ۔ سومیش کمار نے بتایا کہ سوریا پیٹ میں ابھی تک 83 پازیٹیو کیسس منظر عام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کی آبادی کے اعتبار سے جائزہ لیں تو سوریا پیٹ میں پازیٹیو کیسس کی تعداد زیادہ ہے۔ حکومت نے آئی اے ایس عہدیدار سرفراز احمد کو ضلع کا نوڈل آفیسر مقرر کیا ہے تاکہ وائرس سے نمٹنے کے اقدامات میں تعاون کریں۔ محکمہ جات ، ہیلتھ ، ریونیو ، میونسپل ، پولیس ، اگریکلچر اور مارکیٹنگ کے عہدیدار ہنگامی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ہر کنٹینمنٹ علاقہ میں نگرانی کرنے والی ٹیم کو عوام کی صحت پر نظر رکھنی ہوگی۔ انہوں نے کنٹینمنٹ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ اسپیشل چیف سکریٹری ہیلتھ شانتی کماری نے بتایا کہ کنٹینمنٹ علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں ہر گھر کا جائزہ لے رہی ہیں اور عوام کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہے ۔