سومیش کمار چیف منسٹر کے سی آر کے مشیر اعلیٰ مقرر

   

تین سال کیلئے کابینی رتبہ کے ساتھ تقرر کے احکامات
حیدرآباد۔/9 مئی، ( سیاست نیوز) سابق چیف سکریٹری سومیش کمار کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا مشیر اعلیٰ ( چیف اڈوائزر ) مقرر کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جس کے بعد چیف سکریٹری شانتی کماری نے جی او آر ٹی676 جاری کیا۔ سومیش کمار کو تین سال کی مدت کیلئے چیف اڈوائزر مقرر کیا گیا ہے اور انہیں کابینی رتبہ فراہم کیا گیا۔ سومیش کمار نے تقرر پر اظہار تشکر کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ سومیش کمار کو ڈسمبر2019 میں تلنگانہ کا چیف سکریٹری مقرر کیا گیا تھا اور تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی خدمات آندھرا پردیش کو رجوع کرنے کی ہدایت کے بعد انہوں نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی۔ مرکزی حکومت نے الاٹ کردہ ریاست کے بجائے تلنگانہ میں خدمات انجام دینے پر اعتراض جتایا تھا۔ سومیش کمار نے آندھرا پردیش حکومت میں رپورٹ کیا لیکن انہیں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی۔ بعد میں سومیش کمار نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی۔1989 بیاچ سے تعلق رکھنے والے سومیش کمار تلنگانہ میں پانچویں ایسے چیف سکریٹری ہیں جنہوں نے طویل مدت تک خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کے سی آر کی کئی اہم اسکیمات کے آغاز میں اہم رول ادا کیا۔ رضاکارانہ سبکدوشی کے بعد قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ سومیش کمار عملی سیاست میں حصہ لیں گے۔ تاہم کے سی آر نے انہیں اپنا مشیر اعلیٰ مقرر کیا ہے۔ر