سومیش کمار کو صدرنشین رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری نامزدگی کا امکان

   

دو سابق چیف سکریٹریز حصول عہدہ کی دوڑ میں
حیدرآباد۔16اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے سابق چیف سیکریٹری تلنگانہ مسٹر سومیش کمار کی نامزدگی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاریہ سال کے آغاز میں تلنگانہ اسٹیٹ رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے صدرنشین و دو ارکان کی نامزدگی کے لئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں ۔مرکزی حکومت کی جانب سے رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی ایکٹ 2016کے نفاذ کے بعد سے ریاست تلنگانہ میں اتھاریٹی کی باضابطہ تشکیل عمل میں نہیں لائی گئی تھی بلکہ چیف سیکریٹری ریاستی رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے صدرنشین کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے جبکہ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق بہ اعتبار عہدہ اس اتھاریٹی کے سیکریٹری ہیں ۔ تلنگانہ میں RERA کے نفاذ کے فیصلہ کے باوجود اب تک اتھاریٹی کی عدم تشکیل کے بعد اب جبکہ اس اتھاریٹی میں نامزدگیوں کے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے تو اس بات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ ریاست تلنگانہ کے دو سابق چیف سیکریٹریز مسٹر سومیش کمار کے علاوہ مسٹر ایس کے جوشی صدرنشین تلنگانہ ریاستی رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کے عہدہ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ دو ارکان کے لئے حکومت کی جانب سے عہدیداروں کا انتخاب کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ حکومت نے جاریہ سال کے اوائل میں ہی دو ارکان کے لئے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ 2016کے بعد سے ریگولیٹری اتھاریٹی کے قیام کو منظوری نہ دیئے جانے کے سبب مسلسل موصول ہونے والی شکایت کے پیش نظر حکومت کی جانب سے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی طرح کی قانونی رسہ کشی سے محفوظ رہا جاسکے کیونکہ مسلسل موصول ہونے والی نمائندگیوں کے باوجود عدم کاروائی کی صورت میں درخواست گذار عدالت سے رجوع ہوسکتے ہیں۔