سومیہ سرکار کی نصف سنچری ،بنگلہ دیش کامیاب

   

ڈھاکہ، 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سومیہ سرکار کی ناٹ آؤٹ 62 رن کی دھماکہ خیز نصف سنچری اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے زمبابوے کو پیر کو پہلے ٹی -20 میچ میں 48 رنز سے ہرا دیا اور دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ۔بنگلہ دیش نے 20 اوور میں تین وکٹ پر 200 رن کا بڑا اسکور بنایا اور زمبابوے کو 19 اوور میں 152 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ بنگلہ دیش نے اس سے پہلے زمبابوے سے واحد ٹسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز 3-0 سے جیتی تھی۔سرکار نے 32 گیندوں پر ناٹ آوٹ 62 رن میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگائے اور اس شاندار اننگز کے لئے وہ پلیئر آف دی میچ بنے ۔ اوپنر تمیم اقبال اور لٹن داس نے پہلے وکٹ کے لئے 92 رن کی ساجھے داری کی۔ تمیم نے 33 گیندوں پر 41 رن میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے جبکہ داس نے 39 گیندوں پر 59 رن میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے ۔ دونوں اوپنروں کے 106 رن تک آؤٹ ہونے کے بعد سرکار نے بنگلہ دیش کی اننگز کو سنبھالے رکھا اور ٹیم کو 200 رنز تک پہنچایا۔زمبابوے کی جانب سے اوپنر تناشے کامنھکاموے نے سب سے زیادہ 28 رنز اور 10 ویں نمبر کے بلے باز کارل ممبا نے 25 رن بنائے ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمن اور امین الاسلام نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔