ممبئی۔ بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اپنی اگلی فلم جاتادھارا کے سیٹ پر ہولی کا تہوار منایا ۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام فالوورزکو جشن کی ایک جھلک دیتے ہوئے کچھ دلچسپ تصاویر شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا: ہولی ہے!!! رنگ برساؤ، خوشیاں مناؤ!! میرے دوستو، شوٹنگ کے سیٹ سے آپ سب کو ہولی کی مبارکباد۔ سوناکشی نے مزید بتایا کہ وہ اپنے شوہر ظہیر اقبال سے دور ہولی منا رہی ہیں کیونکہ وہ اپنے کام میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں، فلم جاتادھارا بنانے والوں نے 8 مارچ کو یوم خواتین کے موقع پر سوناکشی کا زبردست فرسٹ لک جاری کیا تھا۔ “ہیرا منڈی” اداکارہ نے اس پوسٹر میں روایتی سنہری زیورات، جیسے ماتھے کا جھومر، چوڑیاں اور انگوٹھیاں زیب تن کی ہوئی ہیں۔ ان کے میک اپ میں گہرے کاجل سے سجی آنکھیں، ماتھے پر سرخ بندی اور تلک شامل تھا، جس نے ان کے جرات مندانہ اندازکو مزید نمایاں کیا۔ ان کی شدت بھری نظرکو مزید بڑھانے کے لیے، سوناکشی نے اپنی ایک آنکھ کو ہاتھ سے ڈھانپ رکھا تھا، جس پر انگوٹھیاں اور لمبے ناخن نمایاں تھے۔ پوسٹر پر لکھی گئی ٹیگ لائن میں کہا گیا: “طاقت اور قوت کا مظہر”۔ فلم جاتادھارا سوناکشی کی پہلی تلگو فلم ہوگی، جس میں وہ اداکار سدھیر بابو کے ساتھ نظر آئیں گی۔ وینکٹ کلیان کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شلپا شیروڈکر، رین انجلی اور دیویا وج بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔