ممبئی : (یو این آئی) : ممبئی ایئرپورٹ پر کسٹمز ایئر انٹیلی جنس یونٹ (AIU) نے 28 سالہ ایرانی خاتون کو دبئی سے 3.27 کروڑ روپے کا سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔ خاتون نے یہ سونا دبئی سے خریدا تھا اور اس کا منصوبہ تھا کہ وہ اسے ہندوستانی مارکیٹ میں فروخت کرے گی۔ کسٹم ذرائع کے مطابق، ایم رزینی نامی ایرانی شہری کو دبئی سے ممبئی آنے کے بعد گرین چینل کراس کرنے کے دوران روکا گیا۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے سامان میں کوئی ڈیوٹی قابل سامان، ممنوعہ اشیاء یا سونا لے کر آ رہی ہے ، تو اس نے انکار کیا۔ تاہم، اس کے جواب سے مطمئن نہ ہونے پر اس کی ذاتی تلاشی لی گئی، جس میں اس کی کمر کے ارد گرد ایک شفاف پلاسٹک پاؤچ برآمد ہوا، جس میں پیلے رنگ کا مواد موجود تھا۔ کسٹم حکام نے حکومت کے منظور شدہ ویلیوئر کو بلایا، جس نے اس پیلے رنگ کے مواد کی جانچ کی اور اس نے تصدیق کی کہ یہ سونے کی دھول تھی، جس کا خالص وزن 360 گرام تھا۔ اس سونے کو ضبط کر لیا گیا کیونکہ اسے ہندوستان میں خفیہ طور پر اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔