نئی دہلی، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بیرون ممالک سونے پر جاری دباؤ کی وجہ سے دہلی صرافہ بازار میں منگل کے روز سونا 250 روپیے لڑھک کر تقریباً دو ہفتے کی نچلی سطح 40820 روپیے فی دس گرام پر آگیا۔ چاندی بھی 500 روپیے ٹوٹ کر تین ہفتے کے نچلی سطح 47200 روپیے فی کلوگرام پر رہی۔ لندن اور نیویارک سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شروعاتی کاروبار میں آج وہاں سونا حاضر 1535.75 ڈالر فی اونس پر آگیا۔ یہ 03 جنوری کے بعد اس کی نچلی سطح ہے ۔ حالانکہ بعد میں یہ 1545.60 ڈالر فی اونس تک بھی چڑھا۔ فروری میں امریکہ سونا وعدہ بھی 5.50 ڈالر کی تنزلی میں 1545.10 ڈالر فی اونس بولا گیا۔ بازار کے ماہرین کے مطابق چین میں مستحکم معاشی اعداد و شمار آنے سے سونے پر دباؤ بڑھا ہے ۔ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے سلسلے میں جلد معاہدہ ہونے کی امید سے بھی محفوظ سرمایے کے طور پر سونے کی طرف توجہ کم ہوئی ہے ۔ عالمی سطح پر چاندی حاضر بھی 0.14 ڈالر لڑھک کر 17.75 ڈالر فی اونس پر آگئی۔