سوندرا راجن ریاستی گورنر ہیں یا بی جے پی ترجمان : ہریش راؤ

   

طبی خدمات میں بہتری گورنر کو دکھائی نہیں دے رہی، عثمانیہ ہاسپٹل پر بیان غیر ضروری
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی ابتر صورتحال کے بارے میں ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ گورنر کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے کیا جانے والا ایک بھی اچھا کام کیا دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ گورنر نے آج تک حکومت کے ایک بھی اچھے کام کی تعریف نہیں کی ہے۔ گورنر کے بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کیلئے 2015 ء میں چیف منسٹر کے سی آر نے فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اس فیصلہ کے خلاف بعض افراد ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے جس کے نتیجہ میں تعمیری کاموں کا آغاز نہیں ہوسکا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیر دوران ہے۔ حکومت ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کیلئے تیار ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران عثمانیہ ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے مثالی خدمات انجام دی ہے۔ ہریش راؤ نے سوال کیا کہ کیا طب کے شعبہ میں ترقی گورنر کو دکھائی نہیں دے رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے طبی خدمات کو بہتر بنانے اور محکمہ صحت کی ترقی کے اقدامات پر گورنر نے ایک مرتبہ بھی ستائشی کلمات ادا نہیں کئے گئے۔ بہتر طبی خدمات کے لئے تلنگانہ کو مرکزی حکومت سے کئی ایوارڈس حاصل ہوئی ہیں۔ گورنر کو حکومت کی صرف خامیاں دکھائی دے رہی ہے اور گورنر صرف خامیوں اور کمیوں کے بارے میں اظہار خیال کر رہی ہیں۔ ہریش راؤ کے مطابق گورنر کے بیان میں سیاست دکھائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گورنر کو غیر ضروری الزام تراشی سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں آنکھوں کی روشنی پروگرام پر کامیابی سے عمل کیا گیا لیکن گورنر نے اس پروگرام کی ستائش کی۔ نمس میں بستروں کی تعداد میں اضافہ پر گورنر نے ایک بھی ٹوئیٹ نہیں کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نیتی آیوگ نے تلنگانہ میں ماں اور بچہ کی اموات میں کمی کیلئے ستائش کی ہے لیکن یہ گورنر کو دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ گورنر کا رویہ کچھ اس طرح ہے کہ ہمیں اچھائی دکھائی نہیں دیتی۔ دستوری عہدہ پر فائز گورنر کا بی جے پی ترجمان کی طرح بات کرنا افسوسناک ہے۔ر