نئی دہلی،7 دسمبر (آئی اے این ایس) سپریم کورٹ معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی حراست کو چیلنج کرنے والی درخواست پر پیرکے روز دوبارہ سماعت کرے گی۔ یہ درخواست وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی جے انگمو نے دائرکی ہے۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس اراوند کمار اور جسٹس این وی انجاریہ کی بنچ 8 دسمبر کو معاملے کی سماعت کرے گی۔ گزشتہ سماعت میں مرکزی حکومت اور لداخ انتظامیہ کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے درخواست گزار کے تازہ جواب کا جواب داخل کرنے کیلئے مزید وقت مانگا تھا، جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کردی تھی۔ اس سے قبل عدالت نے انگمو کو اپنی درخواست میں ترمیم کی اجازت دی تھی، جس میں وانگچک کی حراست کو ’’غیر قانونی‘‘ اور ’’بنیادی حقوق کی خلاف ورزی‘‘ قراردیاگیا تھا۔ عدالت نے مرکز، لداخ انتظامیہ اور جیل حکام کو اضافی جوابات داخل کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔ ترمیم شدہ درخواست میں انگمو نے موقف اپنایا ہے کہ وانگچک کی حراست قومی سلامتی ایکٹ کے تحت بغیر مناسب غور و فکر کے کی گئی، لازمی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، اور حراست کی وجوہات وقت پر فراہم نہیں کی گئیں، جس سے موثر جواب کا حق متاثر ہوا۔ دوسری جانب لداخ انتظامیہ نے اپنے حلف نامے میں کہا ہے کہ وانگچک کی مبینہ طور پر لیہ میں بدامنی بھڑکانے میں کردار کے پیش نظر حراست ضروری تھی اور تمام قانونی تقاضے بروقت پورے کیے گئے، جبکہ حراست ایڈوائزری بورڈ نے بھی فیصلے کی توثیق کی۔ واضح رہے کہ ماہرِ ماحولیات اور تعلیم دوست سونم وانگچک کو ستمبر میں حراست میں لیا گیا تھا۔