سونوسود کیخلاف 6 مقامات پر انکم ٹیکس دھاوے

,

   

کجریوال سے ملاقات اور دہلی برانڈ ایمبسیڈر بنانے کے چند روز بعد کارروائی

نئی دہلی : ایکٹر سونوسود کے خلاف ممبئی اور لکھنؤ میں 6 مقامات پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے آج دھاوے کئے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع نے کہا کہ لکھنؤ میں سونو کی کمپنی اور وہاں کی ریئل اسٹیٹ فرم کے درمیان ایک حالیہ معاملت پر محکمہ کی نظریں ہیں۔ اس معاملت کے بارے میں ٹیکس چوری کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ چنانچہ سروے آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ ان آئی ٹی دھاوؤں سے چند روز قبل ایکٹر سونوسود نے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے ملاقات کی تھی جس کا چرچہ ہوا۔ چیف منسٹر کجریوال نے سونوسود کو اپنی حکومت کے بعض خصوصی پروگراموں کے ضمن میں برانڈ ایمبسیڈر بنادیا ہے۔ یہ پروگرام دارالحکومت میں اسکول اسٹوڈنٹس کیلئے ہوں گے۔ اس میٹنگ کے بعد سونوسود نے ایسے منصوبوں کی تردید کی تھی کہ وہ کجریوال کی عام آدمی پارٹی کے ساتھ اپنا سیاسی کریئر شروع کرنے جارہے ہیں۔ سونوسود نے گزشتہ سال کورونا لاک ڈاؤن سے عملی طور پر مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ کئی ریاستوں کے امیج کو زک پہنچائی ہے حالانکہ انہوں نے پریشان حال مائیگرنٹ ورکرس کی غیرمعمولی مدد کی جس پر انہیں ہر گوشہ سے پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ 48 سالہ سونوسود نے ماضی میں کبھی بھی انتخابی سیاست کی طرف اپنے جھکاؤ کا اظہار نہیں کیا ہے۔ اس کے باوجود افواہیں گرم ہیکہ انہیں عام آدمی پارٹی آئندہ سال پنجاب الیکشن میں امیدوار بناسکتی ہے۔