سونو سود سے عقیدت کی حد تک محبت

   

Ferty9 Clinic

کتہ گوڑم کے مزدور سامبیا کا مونو گورو سے ممبئی تک پیدل سفر
حیدرآباد۔ بے انتہاء محبت اور احترام کی مثال پیش کرتے ہوئے کتہ گوڑم سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور نے ممبئی تک پیدل سفر کیا تاکہ وہ اداکار و سماجی مددگار سونو سود سے ملاقات کرسکیں۔ اس شخص کا نام پی سامبیا ہے جو مونوگورو کے قریب کا ساکن ہے ۔ اس نے اپنا طویل سفر 16 جولائی کو شروع کیا تھا اور اس کی واحد خواہش یہی تھی کہ وہ سونو سود سے ملاقات کرسکیں۔ کورونا وباء میں غریبوں و ضرورتمندوں کی مدد کرنے پر سونو سود سارے ملک کے چہیتے بن گئے ہیں۔ سامبیا نے 1050 کیلومیٹر کا طویل سفر یکم اگسٹ کو مکمل کیا اور انہوں نے سونو سود سے ان کی قیامگاہ ممبئی میں ملاقات کی اور وہ چہارشنبہ کو اپنے گھر واپس ہوچکے ہیں۔ سامبیا نے کہا کہ جب انہوں نے سونو سود کو دیکھا اور ان سے بات کی تو ایسا لگا کہ ان کا ایک خواب پورا ہوچکا ہے ۔ اپنی زندگی میں کئی مشکلات کے باوجود ان کی خواہش تھی کہ وہ صرف ایک بار سونو سود کو دیکھیں ۔ وہ ان کیلئے بھگوان کی طرح ہیں۔ سامبیا زرعی مزدور ہیں اور معمولی آمدنی پر کام کرتے ہیں۔ سامبیا نے کہا کہ لاک ڈاون میں ضرورت مندوں کیلئے سونو سود کی مدد سے وہ بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے ۔