سونو سود نے 117 لڑکیوں کو کیرالا سے اوڈیشہ واپس بھیجا

   

ممبئی 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اداکار سونو سود نے آج اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والی 117 لڑکیوںکو کیرالا سے واپس بھیجنے کیلئے پہل کی ہے ۔ یہ لڑکیاں کیرالا میں ملک گیر لاک ڈاون کی وجہ سے پھنسی ہوئی تھیں۔ اداکار کے قریبی ذرائع نے کہا کہ بھوبنیشور سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے سونو سود کو ان لڑکیوں کے تعلق سے مطلع کیا تھا جس کے بعد انہوں نے انہیں واپس بھیجنے کے انتظامات کئے ۔ اداکار نے کوچی اور بھوبنیشور ائرپورٹس کھولنے حکومت سے کئی اجازت نامے حاصل کئے ۔ بنگلور سے ایک طیارہ کو طلب کیا گیا اور ان لڑکیوں کو کوچی سے بھوبنیشور روانہ کردیا گیا ۔ وہاں سے یہ لڑکیاں اپنے اپنے گاووں اور شہروں کو جائیں گی ۔ واضح رہے کہ سونو سود ممبئی سے بھی ہزاروں کی تعداد میں تارک وطن مزدوروں کو ان کے آبائی مقامات کو روانہ کرنے کی مہم چلا رہے ہیں اور اس میں ان کی دوست نیتی گوئل بھی شامل ہیں۔ ان کی اس کاوش کی ملک بھر میں زبردست ستائش ہو رہی ہے ۔