سونو سود کی ممنوعہ بیٹنگ ایپ کیس میں ای ڈی کے سامنے پیشی

   

نئی دہلی، 23 ستمبر (یو این آئی) بالی ووڈ اداکار سونو سود ممنوعہ ایپ ون ایکس بیٹ سے منسلک منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں چہارشنبہ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے پیش ہوئے ۔ یہ تحقیقات منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کے تحت کی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ای ڈی کی ایک خصوصی ٹیم اداکار سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور پوچھ گچھ سات سے آٹھ گھنٹے تک چل سکتی ہے ۔ غور طلب ہے کہ سابق کرکٹر یووراج سنگھ اور ‘گندی بات’ ویب سیریز کی اداکارہ اویش جین سے بھی اسی معاملے میں کل پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ ایجنسی نے اب تک کئی مشہور شخصیات کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے ۔ ای ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ ان مشہور شخصیات نے پروموشنل تشہیر کے ذریعے ہندوستان میں ممنوعہ ایپ کی رسائی کو بڑھانے میں مدد کی۔ ایجنسی نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ کئی آن لائن اسپورٹس ایپس کے بند ہونے کے بعد سے بیٹنگ ایپس سے لاحق خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے ۔