سونیا، راہول اور پرینکا ایس جی پی ڈھال سے محروم

,

   

Ferty9 Clinic

حکومت ، ایس جی پی سے دستبردار، سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کے بعد فیصلے
نئی دہلی 8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، ان کے فرزند راہول گاندھی اور دختر پرینکا گاندھی وڈرا کو فراہم کردہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) حفاظت سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ اُنھیں اب سی آر پی ایف کے ذریعہ ’Z پلس‘ سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ تفصیلی سکیورٹی جائزہ لینے کے بعد سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے ان تین ارکان خاندان کو حاصل یہ خصوصی سکیورٹی واپس لینے کا فیصلہ کیا جو (خصوصی سکیورٹی) 21 مئی 1991 ء کو ٹاملناڈو کے سری پیرمبدور میں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران ایل ٹی ٹی ای کی خاتون خودکش بمبار کے دھماکہ میں ان (راجیو گاندھی) کی ہلاکت کے بعد فراہم کی گئی تھی۔ اس طرح گاندھی خاندان 28 سال بعد اس خصوصی مراعات سے محروم ہوا ہے جو 1989 ایس جی پی قانون میں ستمبر 1991 ء میں خصوصی ترمیم کے بعد اُنھیں فراہم کی گئی تھی۔ اس طرح ملک بھر میں اب وزیراعظم نریندر مودی ہی واحد قائد ہیں جنھیں ایس جی پی ڈھال حاصل رہے گی۔ سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل نے حکومت کے اس اقدام کو شخصی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔