سونیا کا پارٹی ایم پیز کیساتھ ملک کی سیاست اور کورونا پر غور

,

   

غریبوں کی مالی امداد ، چین کیساتھ سرحدی تنازعہ اور فیول کی قیمتوں میں اضافہ جیسے امور پر حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

نئی دہلی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے پارٹی کے ارکان پارلیمان کے ساتھ آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ملک کے موجودہ سیاسی حالات اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کے مطابق صدر کانگریس نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں پارٹی کی جانب سے اٹھائے جانے والے اہم اُمور و مسائل پر بھی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملک میں کورونا وائرس کی وباء اور لداخ میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ سے نمٹنے میں ناکامی پر کانگریس لوک سبھا میں حکومت کو گھیرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کانگریس نے ملک میں کورونا وائرس کی وباء اور مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خاص طور پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کانگریس نے مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ اور موجودہ صورتحال پر بھی غوروخوض کیا جہاں 15 جون کو چینی افواج کے ساتھ جھڑپ میں 20 ہندوستانی فوجی شہید ہوگئے تھے۔ اہم اپوزیشن کانگریس نے غریبوں کو مالی امداد کی فراہمی میں حکومت کی ناکامی پر بھی شدید تنقید کی۔ پارٹی نے غریبوں اور پچھڑے طبقات کے افراد کے بینک اکاؤنٹس میں رقم کی منتقلی کا حکومت سے بارہا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عالمی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے وقتاً فوقتاً کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کی مالی امداد کی جانب توجہ دلائی جاتی رہی ہے جبکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پارٹی نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے ہیں۔ چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ پر عوام کو حقائق سے واقف کروانے کا بھی حکومت سے بارہا مطالبہ کیا ہے۔ صدر کانگریس نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس کے لئے آج اپنے ارکان کے ساتھ پارٹی کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔