آگسٹا کیس میں یو پی اے نے کارروائی شروع کی ، مودی حکومت نے برعکس کام کیا، رافیل سے توجہ ہٹانے کی کوشش
نئی دہلی ، 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر دفاع اور سینئر کانگریس لیڈر اے کے انٹونی نے آج بی جے پی اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ آگسٹاویسٹ لینڈ کیس میں جھوٹی باتیں گڑھ رہے ہیں اور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے یو پی اے اقتدار میں کبھی کسی دفاعی معاملت میں دخل اندازی نہیں کی۔ انٹونی نے کہا کہ حکومت ایجنسیوں کا بیجا استعمال کرکے جھوٹی باتیں گڑھ رہے ہیں۔ میں یہ جان کر حیران ہوں کہ موجودہ حکومت جھوٹ باتیں پھیلا رہی ہے، اور جہاں کچھ نہیں وہاں کچھ نہ کچھ گڑھنے کی کوشش کررہی ہے۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ میں کہنا چاہوں گا کہ سونیا اور راہول گاندھی آگسٹا ویسٹ لینڈ معاملت میں کبھی کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی، مداخلت نہیں کی۔ وزیر دفاع کی حیثیت سے میری پوری میعاد کے دوران سونیا یا راہول گاندھی نے کوئی دفاعی معاملتوں میں کبھی مداخلت نہیں کی ہے۔ انٹونی نے کہا کہ معمولی سچائی کے بغیر وہ انتقامی سیاست پر عمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا تبصرہ اتوار کو کانگریس اور بی جے پی کے درمیان لفظی جنگ کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ جہاں اپوزیشن کا الزام ہے کہ وزیراعظم مودی اور حکومت آگسٹا ویسٹ لینڈ کے محافظین اور اسے فروغ دینے والے بھی ہیں، وہیں زعفرانی پارٹی اسے کرسچن مائیکل کی مدافعت کرنے کا مورد الزام ٹھہراتی ہے، جو اس معاملت میں مبینہ دلال ہے، اور سوال کیا کہ کیوں وہ اس کیس میں تحقیقات سے خائف ہے۔ سابق وزیر دفاع نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے تب سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا تھا جب اس کے علم میں آیا کہ وی وی آئی پی آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر معاملت میں کرپشن کے الزامات ہیں اور اس کمپنی پر پابندی لگانے کی کارروائی شروع کی تھی۔ انٹونی نے دعویٰ کیا کہ یو پی اے حکومت نے یہ کیس ہیلی کاپٹر ساز کمپنی کے خلاف ’غیرمعمولی طور پر‘ میلان کی عدالت میں لڑا اور جیتا بھی۔ ہم نے کنٹراکٹ منسوخ کردیا اور کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی کارروائی شروع کی۔ لیکن ہمارے جانے کے بعد مودی حکومت نے آگسٹا ویسٹ لینڈ کے خلاف کچھ نہیں کیا۔ کمپنی کے خلاف کارروائی کی بجائے انھوں نے کمپنی کے حق میں کام کیا۔ انٹونی نے کہا کہ اگر کانگریس کو کچھ چھپانا ہوتا تو اس نے اس کمپنی کے خلاف کارروائی نہیں کی ہوتی یا یہ کیس لڑنے اٹلی نہیں گئی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بی جے پی رافیل لڑاکا جٹ معاملت پر اُن کی پارٹی کی جانب سے عائد الزامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں اور اس معاملے کی انکوائری شروع نہیں کررہے ہیں یا الزامات کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی (جے پی سی) تشکیل نہیں دے رہی ہے۔ رافیل معاملت میں جے پی سی انکوائری کا حکم نہ دینے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انٹونی نے کہا کہ ہمارے اقتدار کے دوران جب کبھی الزامات عائد ہوئے، چاہے میڈیا رپورٹ میں کیوں نہ ہوں، ہم نے کارروائی کی اور انکوائری کرائی۔