سونیا گاندھی انڈیا اتحاد کی قیادت کریں گی

   

ویمنس ریزرویشن بل پر بحث

نئی دہلی: نئی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں یعنی لوک سبھا میں خواتین کے ریزرویشن بل پر چہارشنبہ کو بحث میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی انڈیا اتحاد کی طرف سے قیادت کریں گی۔ سونیا گاندھی کانگریس اور اپوزیشن کی طرف سے بل کے مسودہ میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں گی۔ ویمنس ریزرویشن بل 19 ستمبر کو لوک سبھا میں پیش کیا گیا۔ کانگریس اس بل کی حمایت کرتی رہی ہے اور آج سونیا گاندھی ویمنس ریزرویشن بل کے بارے میں کہا تھا کہ ’’یہ تو اپنا ہے۔‘‘ تاہم، بل کا مسودہ سامنے آنے کے بعد کانگریس کے سرکردہ قائدین نے سخت اعتراض ظاہر کیا ہے اور مودی حکومت کو دھوکہ باز تک کہہ ڈالا ہے۔ یو پی اے حکومت میں جو خاتون ریزرویشن بل راجیہ سبھا سے پاس ہوا تھا وہ موجودہ بل سے بہت مختلف تھا۔ مثلاً یو پی اے کے ذریعہ راجیہ سبھا سے پاس کرائے گئے بل میں خواتین کو ریزرویشن فوراً مل جاتا، جبکہ بی جے پی حکومت کے بل میں مردم شماری کرائے جانے اور نئی حدبندی کا عمل انجام دیے جانے کے بعد ہی بل نافذ کرنے کا لزوم ہے۔ یعنی 2029 کے لوک سبھا انتخاب میں ہی اس کا نفاذ ممکن ہو پائے گا۔ راجیہ سبھا سے منظورہ یو پی اے کے بل میں راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل میں بھی خواتین کو ریزرویشن دینے کا انتظام تھا، لیکن بی جے پی حکومت نے اپنے بل میں راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل میں یہ ریزرویشن نہیں دیا ہے۔