سونیا گاندھی سے لالو یادو اور نتیش کمار کی ملاقات

,

   

عام انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پر غور

نئی دہلی : بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے اتوار کو نئی دہلی میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کی جس کا مقصد 2024ء کے عام انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنا ہے۔ سونیا گاندھی کی رہائش گاہ 10 جن پتھ پر منعقدہ اس ملاقات کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ کانگریس اور بعض علاقائی جماعتوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرتے ہوئے اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ بی جے پی کو چھوڑ دیں اور آر جے ڈی سے ہاتھ ملانے کے بعد نتیش کمار کی سونیا گاندھی سے پہلی ملاقات ہے۔ قبل ازیں نتیش کمار نے کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے بشمول تمام اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بی جے پی کا مقابلہ کیا جاسکے۔ ان کا کہنا ہیکہ اپوزیشن کے اتحاد سے 2024ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی شکست کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ نتیش کمار نے کہا کہ اگر تمام غیربی جے پی جماعتیں متحد ہوتی ہیں تو بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے جو ملک کو تباہ کرنے کا کام کررہی ہے۔ سونیا گاندھی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ کانگریس کے بغیر کوئی اتحاد نہیںہوسکتا۔ کانگریس پارٹی ہی بی جے پی سے مقابلہ کیلئے سب سے آگے ہے۔ یو پی اے کی صدرنشین و عبوری کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اس ملاقات میں مثبت پیغام دیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کے داخل انتخابات کے بعد اپوزیشن اتحاد کے پراجکٹ کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے صدارتی انتخابات کے بعد وہ اس مسئلہ پر پھر ملاقات کریں گی۔ کانگریس صدر کا انتخاب 17 اکٹوبر کو ہورہا ہے۔