سونیا گاندھی پہلی بار ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شامل

,

   

کرناٹک کے منڈیا ضلع میں کی شرکت‘عوام میں زبردست جوش وخروش

بنگلورو: کانگریس صدر سونیا گاندھی آج پہلی مرتبہ ’بھار جوڑو یاترا‘ میں شرکت شامل ہوئی ہیں۔ وہ کرناٹک کے منڈیا ضلع کے گاؤں جکن ہلی میں راہول گاندھی اور دیگر پدیاتریوں کے ساتھ یاترا میں شامل ہوئیں اور 3 کلومیٹر تک پیدل چلیں ۔ کانگریس کے صدارتی امیدوار ملکارجن کھڑگے بھی سونیا گاندھی کے ہمراہ یاترا میںموجود رہے۔ بھارت جوڑو یاترا کاآج پانڈوپورہ سے برہمادیوراہلی تک سفر ہوا۔ قبل ازیں سونیا گاندھی نے 5 اکتوبر کو میسور کے بھیمناکولی مندر کے درشن کئے ۔خیال رہے کہ بھارت جوڑو یاترا کو دسہرہ کے پیش نظر دو دن کے لئے آرام دیا گیا تھا۔ دسہرہ تقریبات میں شرکت کے بعد آج تمام پدیاتروں نے دوبارہ اپنی یاترا شروع کی۔ حسب معمول یاترا میں زبردست جوش و خروش نظر آیا اور مقامی لوگوں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس دوران عام لوگ اپنے محبوب قائدکی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بیقرار نظر آئے اور موقع ملتے ہی ان سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔پدیاترا صبح 6.30 بجے پانڈو پورہ تعلقہ کے بیلالے گاؤں سے شروع ہوئی۔ جوکہ صبح 11 بجے تک ناگامنگلا تعلقہ میں چوڈیناہلی گاؤں کے کراڈیا جھیل کے سامنے واقعہ میدان پہنچی۔ اس کے بعد پدیاترا شام 4 بجے دوبارہ شروع ہوئی۔ تمام پدیاتری گورنمنٹ میڈیکل کالج کے سامنے مڈاکے ہوسورو گیٹ پر رات گزاریں گے۔سونیا گاندھی جمعرات کو یاترا میں شامل ہو گئیں راہول نے ماں کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر استقبال کیا۔ راہول گاندھی پیدل سفر میں بھی اپنی ماں کا کس طرح خیال رکھے ہوئے ہیں وہ یاترا کا سب سے خوبصورت اورحسین منظر تھا جب راہول گاندھی نے یاترا کے دوران اپنی ماں سونیا گاندھی کے جوتے کے تسمے باندھتے (شوز) کی ڈوریاں باندھیں۔راہول گاندھی کے اس قدم کو سراہا جا رہا ہے۔ تقریباً 15 منٹ تک چلنے کے بعد راہول نے سونیا کو واپس کار میں بھیج دیا۔ تاہم کچھ اآرام کے بعد سونیا پھر سے واک میں شامل ہوگئیں۔ سونیا ایک ماہ قبل کورونا سے صحتیاب ہوئی ہیں۔ ان کی صحت ابھی پوری طرح ٹھیک نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ کانگریس کا کرناٹک سے گہرا تعلق ہے۔ یہ بھی مانا جاتا ہے کہ جب بھی گاندھی خاندان پر کوئی سیاسی بحران اآیا ہے تو جنوبی ہند نے اسے مشکل سے نکالا ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بھی جنوبی ہند کی سیٹوں سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا۔بھارت جوڑی یاترا گزشتہ ستمبر کو تمل ناڈو کے رامیشورم سے شروع ہوئی تھی، جب سونیا گاندھی علاج کے لیے امریکہ گئی تھیں۔ اس کے بعد ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا جس کے بعد انہیں اٹلی جانا پڑا۔