سونیا گاندھی کا رائے بریلی میں ووٹروں سے اظہارتشکر

,

   

پارلیمانی حلقہ کے دورہ میں پرینکا گاندھی بھی یوپی اے چیرپرسن کے ہمراہ
رائے بریلی ۔12 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) یوپی اے چیرپرسن سونیا گاندھی اور اُن کی دختر و کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج یہاں پہونچے تاکہ ووٹروں کا شکریہ ادا کرسکیں۔ تاہم دونوں کا پڑوسی حلقہ امیٹھی کو دورہ کا امکان نہیں ہے جہاں سے صدر کانگریس راہول گاندھی لوک سبھا چناؤ ہار گئے ۔ رائے بریلی سے سونیا گاندھی کے دوبارہ انتخاب کے بعد سے دونوں قائدین کا یہ پہلا دورہ ہے۔ حالیہ چناؤ میں سونیا گاندھی لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ کانگریس کی ترجمان پال کرن پرتاب سنگھ نے کہاکہ دونوں قائدین یہاں فرصت گنج ایرپورٹ پر پہنچے جس کے بعد اُن کی گاڑیوں کا قافلہ بھویے ماؤ گیسٹ ہاؤس کو پہنچا ۔ پرینکا جو کانگریس جنرل سکریٹری انچارج مشرقی اُترپردیش ہیں ، وہ امکان ہے گیسٹ ہاؤس میں علاقہ کے پارٹی ڈسٹرکٹ سربراہان کے ساتھ میٹنگ منعقد کریگی۔ اظہارتشکر کی تقریب کیلئے 2500 پارٹی ورکرس کو مدعو کیا گیا ہے۔ حالیہ چناؤ میں کانگریس کو بدترین شکست کا سامنا ہوا بالخصوص سیاسی طورپر کلیدی ریاست اُترپردیش میں صدر پارٹی کو ناکامی ہوئی ۔ اس ریاست سے 80 ارکان لوک سبھا منتخب ہوتے ہیں ۔ راہول کو مرکزی وزیر سمرتی ایرانی (بی جے پی ) کے مقابل شکست ہوئی حالانکہ یہ اُن کی فیملی کا طاقتور گڑھ رہا ہے ۔ اُنھیں 55,120 ووٹوں سے ناکامی ہوئی ۔ 2014 ء کے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس سربراہ نے سمرتی کو امیٹھی سے 1.07 لاکھ ووٹوں سے ہرایا تھا ۔ تاہم کانگریس پارٹی رائے بریلی پر قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئی جو اُترپردیش میں اُسے ملنے والی واحد نشست ہے ۔