لکھنو 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر و یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی رائے بریلی حلقہ لوک سبھا سے اپنا پرچہ نامزدگی جمعرات کو داخل کرینگی ۔ سونیا گاندھی 2004 سے اس حلقہ کی نمائندگی کرتی ہیں اور ان کا مقابلہ بی جے پی کے دنیش پرتاپ سنگھ سے ہوگا جو حال ہی میں کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی نے کانگریس کے گڑھ رائے بریلی میں کوئی امیدوار نامزد نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں6 مئی کو پولنگ ہونے والی ہے ۔ سونیا گاندھی نے 2004 ‘ 2006 ( ضمنی انتخاب ) 2009 اور 2014 میں یہاں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ کانگریس پارٹی نے 1957 کے بعد سے اس حلقہ سے جملہ 19 مرتبہ کامیابی درج کی ہے جن میں تین ضمنی انتخابات بھی شامل ہیں۔ پارٹی کو تین مرتبہ یہاں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس میں پانچ اسمبلی حلقے ہیں۔ اس حلقہ کی پارلیمنٹ میں فیروز گاندھی ‘ اندرا گاندھی ‘ ارون نہرو ‘ شیلا کول اور ستیش شرما کرچکے ہیں۔ یہ حلقہ روایتی طور پر کانگریس کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور سونیا گاندھی اس کی نمائندگی کرتی ہیں۔