ریونت ریڈی کی پارٹی قائدین سے مشاورت، لوک سبھا چنائو میں بہتر نتائج کی امید
حیدرآباد : 30 جنوری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے راجیہ سبھا کی تین نشستوں کے انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی برسر اقتدار کانگریس پارٹی میں امیدواروں کے مسئلہ پر سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسمبلی میں عددی طاقت کی بنیاد پر کانگریس پارٹی دو نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتی ہے جبکہ 39 نشستوں والی بی آر ایس کو ایک نشست حاصل ہوگی۔ لوک سبھا چنائو میں بہتر مظاہرہ کے لیے پردیش کانگریس کمیٹی نے کانگریس کی سابق صدر سونیاگاندھی کو تلنگانہ سے مقابلہ کرنے کی دعوت دی ہے تاہم ناسازی مزاج کے سبب سونیا گاندھی کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات موہوم ہیں۔ ایسے میں تلنگانہ کانگریس قائدین نے سونیا گاندھی کو راجیہ سبھا کے لیے منتخب کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سونیاگاندھی کو پہلی مرتبہ ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں تلنگانہ سے نمائندگی کے ذریعہ پارٹی لوک سبھا چنائو میں بہتر مظاہرہ کی امید کررہی ہے۔ یوں تو دو نشستوں کے لیے پارٹی میں دعویداروں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی قائدین سے مشاورت کے بعد سونیا گاندھی کو راجیہ سبھا کے لیے منتخب کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان کے قطعی فیصلے کا انتظار رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر جو پردیش کانگریس کے صدر بھی ہیں وہ پارٹی ہائی کمان کو رسمی طور پر اپنی تجویز سے واقف کرائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک میں کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں کمی کے باعث سونیا گاندھی کے راجیہ سبھا کے لیے نامزد ہونے سے انکار کی صورت میں کسی اور سینئر قومی کانگریسی قائد کو تلنگانہ سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پارٹی کی پولیٹیکل افیرس کمیٹی نے اپنے حالیہ اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے سونیا گاندھی کو تلنگانہ سے مقابلہ کی دعوت دی تھی۔ کھمم یا میدک لوک سبھا حلقوں کی پیشکش کی گئی۔ سونیا گاندھی کے قریبی ذرائع کے مطابق لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینا سابق صدر کانگریس کے لیے ممکن نہیں ہے۔ ایسے میں تلنگانہ کانگریس قائدین کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سونیا گاندھی راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں لوک سبھا انتخابات پر مثبت اثر پڑے گا۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لیے سونیا گاندھی کی مساعی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہ تجویز پیش کی جارہی ہے۔ سونیا گاندھی اگر تجویز کو قبول کریں گی تو وہ پہلی مرتبہ راجیہ سبھا میں داخل ہوں گی۔ 1