سونیا گاندھی کی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس

   

اتم کمار ریڈی ، ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی نے حصہ لیا

حیدرآباد۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج ملک کے تمام پارٹی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ملک کے موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ تلنگانہ سے پارٹی کے تینوں ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا سے نمٹنے میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ غریبوں کو علاج کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ سرکاری ہاسپٹلس کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں بھاری رقومات کے مطالبہ پر غریب و متوسط طبقات کیلئے علاج کی کوئی گنجائش نہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ کانگریس غریبوں کو آروگیہ شری کے تحت مفت علاج کا مطالبہ کررہی ہے۔ کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو 10 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کیا جائے۔ انہوں نے قومی مسائل پر کانگریس اعلیٰ کمان کی احتجاجی مہم کی تائید کی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے 4 کروڑ عوام کی صحت کو نظر انداز کردیا ہے۔ ملک میں سب سے کم ٹسٹ تلنگانہ میں ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اے آئی سی سی کی ہدایت پر تلنگانہ میں عوامی مسائل پر احتجاجی پروگرام منظم کئے جارہے ہیں۔