حق اطلاعات کے تحت ملی معلومات سے کانگریس کے بارے میں ایک بڑا انکشاف ہوا ہے۔ مرکزی شہری ترقی اور مکانات کی وزارت نے ایک آر ٹی آئی درخواست کے جواب میں کہا ہے کہ کانگریس کے بہت سے لیڈر سرکاری عمارتوں کا کرایہ ادا نہیں کر رہے ہیں۔ ان لیڈروں میں کانگریس صدر سونیا گاندھی کا نام بھی ہے۔ پارٹی نے طویل عرصے سے دہلی ہیڈکوارٹر اور سونیا گاندھی کی رہائش گاہ کا کرایہ ادا نہیں کیا ہے۔ لاکھوں روپے واجب الادا ہو چکے ہیں۔اب بی جے پی نے کانگریس لیڈروں کو شرمندہ کرنے کے لیے چندہ اکٹھا کرکے کرایہ ادا کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ بی جے پی لیڈر تیجندر پال سنگھ بگا نے کہا ہے کہ جب کرایہ کے برابر چندہ جمع ہو جائے گا تو یہ کرایہ سونیا گاندھی کو بھیج دیا جائے گا۔ تیجندر بگا نے آج سوشل میڈیا پر اس مہم کا آغاز کیا۔ بگا نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے میں ایک انسان کی حیثیت سے ان کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے#SoniaGandhiReliefFundمہم شروع کی اور سونیا گاندھی کے اکاؤنٹ میں 10 روپے بھیجے۔