نئی دہلی:کانگریس صدر ملکا ارجن کھڑگے کو الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیجا ہے ۔ سونیا گاندھی کے ‘خودمختاری’ والے بیان پر کھڑگے کو نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ ملکا ارجن کھڑگے نے کانگریس کے ٹویٹر ہینڈل پر سونیا گاندھی کے خود مختاری والے بیان پر پوسٹ کیا تھا ۔ اس کے بعد اب الیکشن کمیشن نے ملکا ارجن کھڑگے سے وضاحت مانگی یا ریکٹیفائی کرنے کیلئے کہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ سیاسی پارٹیوں کی طرف سے لئے گئے حلف کی خلاف ورزی ہے۔ بتادیں کہ بی جے پی کی شکایت کے بعد الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیا ہے۔ادھر کانگریس نے سنسنی خیز الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پارٹی صدر ملکا ارجن کھڑگے ، ان کی اہلیہ اور ان کے پورے کنبہ کے قتل کی سازش رچی گئی ہے جبکہ بی جے پی نے اس سے انکار کیا تھا ۔ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے دس مئی کو ہونے والے الیکشن سے کچھ دن پہلے ایک پریس کانفرنس میں ایک آڈیو ریکارڈنگ چلائی، جس میں کلبرگی ضلع کے چتپور سیٹ سے بی جے پی امیدوار منی کانت راٹھور کو مبینہ طور پر کنڑ میں یہ کہتے ہوئے سنا گیا ہے کہ وہ کھڑگے، ان کی اہلیہ اور بچوں کا صفایا کردیں گے ۔
