سونیا گاندھی ہاسپٹل میں شریک، صحت مستحکم

   

نئی دہلی : /6 جنوری (ایجنسیز)۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی طبعیت منگل کی صبح اچانک بگڑ گئی۔انہیں دہلی کے سر گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ پچھلے کچھ عرصہ سے صحت کے مسائل سے دوچار سونیا گاندھی کی صحت پر کانگریس پارٹی نے ابھی تک کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ذرائع کے مطابق انہیں کھانسی کی شکایت ہے اور وہ چیک اپ کے لیے ہاسپٹل آتی رہتی ہیں۔ یہاں گنگا رام اسپتال میں سونیا گاندھی کا علاج کرنے والی ڈاکٹروں کی ٹیم کا کہنا ہے کہ علاج ٹھیک چل رہا ہے اور ان کی صحت مستحکم ہے ۔ سونیا گاندھی کو پیر کی رات سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں گزشتہ دو دنوں سے کھانسی ہورہی تھی اور ہلکی ہلکی دوا لے رہی تھیں۔ تاہم، کل شام ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور انہیں ہسپتال لایا گیا، جہاں طبی ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ اسے سردی کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری ہے ۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ موسم اور آلودگی کے اثرات سے ان کا دمہ بڑھ گیا تھا۔ وہ اب صحت یاب ہو رہی ہیں لیکن احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں داخل کرایا گیا ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کا علاج جاری ہے اور صحت یاب ہو رہی ہیں، لیکن فی الحال وہ زیرنگرانی ہیں۔کانگریس لیڈر کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں کے مطابق ان کی صحت فی الحال مستحکم ہے اور وہ علاج کے لیے اچھا رسپونس دے رہی ہیں۔ جب ان سے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں شدید سردی ہے ، اس لیے بہتر ہوگا کہ انہیں ایک یا دو دن طبی نگرانی میں رکھا جائے ۔سونیا گاندھی کو بدھ یا جمعرات کو ڈسچارج ہونے کی امید ہے ۔ سونیا گاندھی کو اس سے پہلے جون میں اسی اسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ اس وقت انہیں پیٹ سے متعلق معاملوں میں تکلیف تھی۔