صرف 9 دن ہوگی مدت ‘25فروری کو سبکدوشی
گاندھی نگر: جسٹس سونیا گوکانی گجرات ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر کی گئی ہیں۔ وہ گجرات ہائی کورٹ کی 28ویں چیف جسٹس ہیں۔ ان کی میعاد مختصر ترین یعنی صرف 9 دن کی ہوگی اور وہ 25 فروری کو ریٹائر ہونے جا رہی ہیں۔گجرات کے گورنر آچاریہ دیوورت نے گاندھی نگر کے راج بھون میں جسٹس گوکانی کو عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر اسمبلی اسپیکر شنکر چودھری، سپریم کورٹ کی جج جسٹس بیلا ترویدی، وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور ریاست کے وزیر قانون و انصاف رشی کیش پٹیل موجود تھے۔
جسٹس گوکانی کی تقرری کو مرکزی حکومت نے 12 فروری کو منظوری دی تھی اور وہ 13 فروری سے چیف جسٹس (نامزد) کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ گجرات ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ان کی تقرری جسٹس اروند کمار کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دیئے جانے کے بعد کی گئی۔سونیا گوکانی 26 فروری 1961 کو گجرات کے شہر جام نگر میں پیدا ہوئیں۔ انہیں 17 فروری 2011 کو گجرات ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ترقی دی گئی۔ وہ 10 جولائی 1995 کو احمد آباد میں سٹی سیول اینڈ سیشن کورٹ میں جج کے طور پر براہ راست عدلیہ میں شامل ہوئیں اور کئی دیوانی اور فوجداری مقدمات کی صدارت کی۔جسٹس گوکانی نے انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت قائم خصوصی عدالت کی جج کے طور پر بھی کام کیا اور 2003 سے 2008 تک اہم مقدمات کی سماعت کی۔